چنئی،5؍ ستمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ایشیائی کھیلوں میں ملی کامیابی سے حوصلہ افزائی ہندوستان کے ٹاپ ٹیبل ٹینس کھلاڑی شرت کمل کو امید ہے کہ ہندوستان 2020 کے ٹوکیو اولمپکس میں تمغے جیتے گا۔کمل نے اس وقت تاریخ رقم کی جب ہندوستان کی مرد ٹیم نے حال ہی میں انڈونیشیا میں ہوئے ایشیائی کھیلوں میں ٹیبل ٹینس میں ملک کاپہلا تمغہ (کانسی) جیتا۔شرت نے اس کے بعد مخلوط جوڑے میں بھی منکا بترا کے ساتھ کانسی کا تمغہ جیتا جس کے ساتھ اس ٹیبل ٹینس میں ہندوستان کا سب سے کامیاب ایشیائی کھیل رہا۔ شرت نے کہاکہ ایشیائی کھیلوں میں تمغے جیتنا عالمی چمپئن شپ یا اولمپکس میں تمغہ جیتنے کے قریب ہے۔یہ نظر انداز کے لحاظ سے ایک اچھا سنگ میل ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ تمغہ اس بات کا اشارہ ہے کہ ہم اولمپکس میں بھی تمغہ جیتنے کے قابل ہے۔ ٹیبل ٹینس کے ٹاپ 10 میں سے سات ملک ایشیا کے ہیں۔یہاں تمغہ جیتنا ایک بڑی حوصلہ افزائی ہے۔